سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومتوں اور سرکاری اداروں کی نااہلی ، کرپشن ،جرائم کی سرپرستی کا رویہ نوجوانوں میں بغاوت پیدا کر رہاہے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے لاہور میں شباب ملی ، اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جامعہ پنجاب کے نوجوانوں کے مشترکہ اجلاس اور اسلامک لائرز موومنٹ کی جانب سے وکلا کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کیا جس میں انکا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کی اصل قوت اور بیش بہا اثاثہ ہیں اللہ نے پاکستان کو قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال کیا ہے لیکن نوجوان اور طلبہ کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا جارہاہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ایسی پالیسیاں بننی چاہیئے اور ایسی نظام کی بالادستی ہونی چاہیئے جس میں طلبہ اور نوجوان ترجیح اول ہوں، تعلیم ، کھیل اور روزگار یقینی بنایا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ وکلا نفاذ قانون اور حصول انصاف کے لیے ملک و ملت کے لیے جوہری کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ملک میں آئین ، جمہوریت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں لیکن جمہوریت، پارلیمانی نظام اور ریاستی اداروں پر کرپٹ ، نااہل ، عیاش اشرافیہ قابض ہے ۔ وکلا ، سول سوسائٹی ، دانشور اور سیاسی جمہوری قوتیں نفاذ آئین، اردو قومی زبان کے نفاذ ، ملک میں موثر نظام احتساب اور نظام انتخاب کی اصلاح کے لیے بااختیار الیکشن کمیشن اور تعلیم سب کے لیے ملک بھر میں تحریک چلائیں جبکہ جماعت اسلامی ہراول دستہ کا کردار ادا کرے گی ۔