عالم? ادار? صحت ?ا سگر?? پر ???س م?? اضاف? ?رن? پر زور

248

عالمی ادارہ صحت نے حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ سگریٹوں اور تمباکو کی دیگر مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کریں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی نئی رپورٹ میں ٹھوس شواہد پیش کیے گئے ہیں کہ ٹیکسوں میں اضافہ تمباکو نوشی کی عالمی وبا کو روکنے کے بہترین طریقوں میں سے ایک ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ تمباکو پر ٹیکسوں میں اضافے سے اس کی مصنوعات کا استعمال مہنگا ہو جاتا ہے جو لوگوں کو تمباکو نوشی سے روکنے کا سب سے مؤثر اور کم لاگت والا طریقہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے غیر متعدی امراض کی روک تھام کے محکمہ کے ڈائریکٹر ڈگلس بیچرنے کہا کہ چین اور فرانس سے آنے والے شواہد سے پتا چلتا ہے کہ تمباکو کی مصنوعات کی زیادہ قیمتوں سے تمباکو نوشی اور اس سے متعلق بیماریوں مثلاً پھیپھٹروں کے سرطان سے ہونے والی اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔درمیانی آمدن رکھنے والے ملک ترکی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ تمباکو پر ٹیکس میں 50 فیصد اضافے سے 2009ء اور 2014ء کے درمیان ملک میں تمباکو نوشی میں 13 فیصد کمی واقع ہوئی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ان کامیابیوں کے باوجود دنیا بھر میں تمباکو کے کنٹرول کے لیے ٹیکسوں کو سب سے کم استعمال کیا جاتا ہے۔ ادارہ کا کہنا ہے کہ صرف 33 ملک ایسے ہیں جہاں ایک پیکٹ سگریٹ کی خوردہ قیمت پر 75 فیصد سے زیادہ ٹیکس عائد ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال ساٹھ لاکھ افراد تمباکو نوشی سے متعلق امراض کا شکار ہو کر وقت سے پہلے ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور ان کی اکثریت ترقی پذیر ممالک سے تعلق رکھتی ہے۔یہ تعداد ایڈز، تپ دق اور ملیریا سے ہونے والی اموات کی تعداد سے زیادہ ہے۔