کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کی صبح 3.25 پر دھابیجی پمپنگ ہاﺅس پر کے۔الیکٹرک بریک ڈاﺅن ہوا اور K-2 و K-3 کے پانچ پمپس سے پانی کی فراہمی معطل ہوگئی، تاہم بجلی کی بحالی پر K-3 سے صبح 4.25 بجے اور k-2پر 4.50 بجے صبح پمپس سے پانی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔
کراچی واٹر بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق بریک ڈاؤن کے باعث شہرمیں 15ملین گیلن پانی کی قلت ہوئی جبکہ 5 پمپس سے پانی کی فراہمی بند ہو نے سے فراہمی آب کا شیڈول متاثر ہوا۔ اسی طرح نارتھ ایسٹ کراچی (NEK)پمپنگ ہاﺅس پر بھی جمعرات کو 3بجے بجلی کا بریک ڈاﺅن ہوا جس کی وجہ سے K,3,K2 اور اولڈ پمپنگ ہاﺅس پر پانی کی فراہمی متا ثر ہوئی اور بجلی 3.50بجے صبح بحال کر دی گئی۔
دریں اثنا ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی کی ہدایت پر منگل اور بدھ کو کے۔الیکٹرک کی جانب سے واٹر بورڈ کے 5 پمپنگ ہا ﺅسز،بالخصوص دھابیجی پمپنگ ہاﺅس پر بجلی کے اچانک 14 گھنٹے بریک ڈاﺅن سے بیک پریشر سے 72 انچ کی پھٹ جانے والی مین ٹرنک لائن کی 24گھنٹے سے بھی قبل مر مت کر لی گئی جبکہ عمو ماً پائپ لائن کی مر مت میں 3 سے 4 روز لگتے ہیں ،ایک ہی دن میں مر مت کرنے سے پانی کی فراہمی میں مدد ملی۔
علاوہ ازیں 14 گھنٹے کے شٹ ڈاﺅن کی وجہ سے 525 ملین گیلن پانی کی کمی کے باعث فراہمی آب کا نظام متاثر ہوا جبکہ اس کمی کے اثرات مزید 3 دن تک رہیں گے اور شہر میں پانی کی فراہمی میں کمی واقع ہوگی۔