قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ افغان حکموت اور طالبان کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ سے جاری اپنے ایک بیان میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ جو لوگ ابھی بھی بندوق کے ذریعے اپنے مطالبات منوانا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ یہ راستہ ترک کر کے مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات سے خطے میں امن کے قیام کو تقویت ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تیرہ چودہ سال سے افغانستان اور پاکستان بدامنی، بم دھماکوں اور خود کش حملوں کی لپیٹ میں ہیں جس میں ہزاروں بے گناہ لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یہ خطہ بیرونی طاقتوں کا اکھاڑہ بن چکاہے ۔امریکہ اور بھارت پاکستان اور افغانستان کو انتشار میں مبتلا رکھناچاہتے ہیں اب تک قیام امن کے لیے ہونے والی کوششوں کو سبوتاژکرنے میں ان قوتوں کا ہاتھ رہا ہے ۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا ہمیشہ یہ موقف رہاہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے ۔ بڑی بڑی جنگوں کا خاتمہ بھی مذاکرات کی میز پر ہی ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغان حکومت اور طالبان کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق انشاءاللہ مصالحت پر منتج ہو گا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات اور بات چیت جاری رہنے تک ایک دوسرے کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے ۔