الطاف حسین کے خلاف مقدمات اچھی روایت نہیں ، خورشید شاہ

291

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے اتنی جلدی بکری چوری کا مقدمہ درج نہیں ہوتا جتنی جلدی الطاف حسین کے خلاف مقدمات درج ہو رہے ہیں ۔ یہ روایت اچھی نہیں آج الطاف حسین تو کل کسی اور کے خلاف بھی مقدمات درج ہو سکتے ہیں ۔ الطاف حسین نے اپنے بیانات سے پارٹی کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔

سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا الطاف حسین کیخلاف مقدمات لوگ صرف میڈیا پر آنے کی وجہ سے درج کرا رہے ہیں، اگر الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرانا ہے تو اسٹیٹ آگے آئے اور مقدمہ درج کرائے، مقدمات درج کرانے کی یہ روایت اچھی نہیں۔

خورشید کا کہنا تھا مقدمات آج الطاف حسین تو کل کسی اور کیخلاف بھی درج ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا الطاف حسین نے اپنے بیانات کی وجہ سے اپنی پارٹی کو مسائل میں الجھا دیا ہے، الطاف حسین کی پالیسیاں سمجھ سے باہر ہیں، الطاف حسین کبھی فوج کے حق میں ریلیاں نکالتے ہیں تو کبھی ان کیخلاف بیانات دیتے ہیں۔

کرپشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا ملک میں کرپشن کینسرکی طرح پھیل چکی ہے،  ایان علی چند روپوں کے کیس میں پھنس گئی، جو لوگ کھربوں روپے ملک سے باہر لے گئے انہیں کچھ نہیں ہوا، ایان علی کے ساتھ عتیقہ اوڈھو والا معاملہ ہوا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کو اچھے ہمسائیوں کی طرح رہنا چاہیے ، افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ پاکستان اور افغانستان کو بیٹھ کر طالبانائزیشن کا مسئلہ حل کرنا چاہئے۔