قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پوری امت اور اسلامیان پاکستان کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ماہ رمضان ایک نئی زندگی کی نوید سناتے ہوئے اور اسلوب زندگی کو قرآن و سنت کے احکامات کے تابع کرنے کے لیے نئے اہداف دے کر رخصت ہوگیاہے ۔
جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ کا لاہور میں داروغہ والا جامع مسجد الفردوس میں جمعة الوداع کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی ماہ رمضان کے آخری دن جہنم کے مستحق افرا د کی بھی بخشش کردیتاہے جبکہ ملت اسلامیہ عہد کرے کہ اختلافات کو ترک کر کے محبت وحدت اور قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد ہو جائیں گے ۔ انکا کہنا تھا کہ اتحاد امت کے ذریعے ہی عالم اسلام مسائل کے گرداب سے نجات پاسکتاہے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ اہل ایمان عید کی خوشیوں کے موقع پر ماہ رمضان کی تربیت ضائع نہ ہونے دیں اور فلسطین ، کشمیر ، شام ، یمن ، عراق ، افغانستان ، برما اور بنگلہ دیش کے مسلمانوں کے مصائب اور آزمائش سے نجات کی دعائیں کریں جبکہ برما کے مسلمان ظلم اور نسل کشی کا شکار ہیں اور پوری دنیا کی توجہ کے مستحق ہیں۔ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد اہل ایمان پر فرض ہے۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ماہ رمضان میں اور عید سے پہلے لائن آف کنٹرول اور پاکستان کے علاقہ میں ڈرون پرواز ، گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ کر کے بے گناہ پرامن شہریوں کو شہید کیاہے ۔ ماہ رمضان کے آغاز پر نریندر مودی نے وزیراعظم نوازشریف کو فون کر کے مبارکباد دی لیکن بھارت نے روایتی پاکستان دشمنی ترک نہیں کی ۔