عیدالفطر اطاعت کے تربیتی عمل کی تکمیل پر خوشی منانے کادن ہے، سراج الحق

267

سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ عیدالفطر اطاعت کے تربیتی عمل کی تکمیل پر اظہار مسرت اور نزول قرآن کی سالگرہ پر خوشی منانے کادن ہے۔

 امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے مدینہ منورہ میں اعتکاف کے بعد پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں پوری قوم کو عید الفطر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعدعیدالفطر اطاعت کے تربیتی عمل کی تکمیل پر اظہار مسرت اور نزول قرآن کی سالگرہ پر خوشی منانے کادن ہے۔یہ خوشی اطاعت ہی کے ایک عمل ”نماز“اور اجتماعی اظہارِ شوکت کا نام ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ گوناں گوں مسائل و آزمائشوں کا شکار ہےجبکہ  جذبہ اطاعت الٰہی کے فروغ اور اختلافات پر قابو پاکر اتحاد امت ہی کی قوت سے ان آزمائشوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

 سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک عراق،افغانستان،فلسطین،کشمیر،مصراور شام کے مسلمانوں کا قتل عام کررہے ہیں جبکہ ان علاقوں میں روزانہ سینکڑوں مسلمان موت کے گھاٹ اتارے جا رہے ہیںاور امت مسلمہ اور پاکستان کے حکمران امت کے مسائل پرتوجہ دینے کے بجائے امریکہ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر طرف کرپشن اور لوٹ مار ہے۔غریب غریب تر اور امیر امیر ترہوتا جا رہا ہے،کیوں؟”ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات“عید اس ضعف کا تدارک کرنے کی را ہ سوجھاتی ہے۔آئیے اس راہ کو ہموار کرنے کا عزم کریں۔

 سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عید اپنی خوشی کے ساتھ ساتھ دیگر بہن بھائیوں کی دلجوئی اور ہمدردی کا بھی درس دیتی ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اس عیدالفطر کو نبی پاک ﷺ کے بتائے ہوئے طریقو ں اور اسلامی شعائر کے مطابق بنائیں جبکہ بے جا فضول خرچیوں اور شیطانی کاموں سے بچ کر اپنے قرب و جوار کے غریب،مظلوم اور بے سہارا افراد کی غم خواری کریں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔