گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام

211

 گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عید کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی عبادات کے بعد اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے ایک بار پھر ہمیں عید سعید کی خوشیاں عطا کی ہیں، ہمیں اس موقع پر اپنے غریب رشتے داروں، پڑوسیوں، یتیم، مسکین، مفلس و نادار افراد کو بھی اپنی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہو گا۔

جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارے مثبت رویے کے باعث ہی ہمیں عید کے ایام میں خوشی کے دلکش لمحات میسر آتے ہیں، ہمیں اپنے ان رویوں کو اپنے لئے مشعل راہ بنانا ہو گا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عزم کرنا ہے کہ وہ رویے اپنائیں کہ ہر آنے والا ماہ و سال صوبے اور وطن عزیز کے لئے خوشحالی کا پیغام لائے، میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔