نئی دہلی:پاکستانی ہائی کمیشن میں عیدملن پارٹی ، میرواعظ عمرفاروق کی شرکت

223

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں عید ملن پارٹی جاری ہے ۔ حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق بھی عیدملن پارٹی میں شریک ہیں۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں میزبان پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی دعوت پر عیدملن پارٹی جاری ہے ۔ میزبان عبدالباسط کی خصوصی دعوت پر حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق نے تقریب میں شرکت کی ہے جبکہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی تقریب میں شرکت سے انکار کر چکے ہیں ۔ تقریب میں عام آدمی پارٹی کی طرف سے الیاس اعظمی ، نئی دہلی مسجد کے امام بخاری اور حریت کانفرنس کے دیگر رہنما شریک ہیں ۔

تقریب سے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا پاکستان استصواب رائے کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا ، ان کا کہنا تھا ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان خوش گوار تعلقات چاہتے ہیں، پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا وزیراعظم نواز شریف پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات کے پرعزم ہیں ۔ عبدالباسط کا کہنا تھا یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم نوازشریف دونوں ملکوں کے درمیان امن کیلیے پرعزم ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام اہم معاملات پر بات چیت ہو، امید ہے دونوں ممالک بہت جلد مخالفت چھوڑ کر باہمی تعاون کی راہ اختیار کرینگے۔ اس موقعے پر ہائی کمشنر عبدالباسط نے سری نگر سے نئی دہلی آنے اور تقریب میں شرکت پر میرواعظ عمر فاروق کا شکریہ ادا کیا ۔