وزارت مذہبی امور نے ملک کے 27 بڑے شہروں میں حجاج کی تربیت کے پروگرام کو حتمی شکل دیکر آج سے باقاعدہ تربیت کا آغاز کردیا ہے۔
ڈائریکٹر حج مدینتہ الحجاج قاضی سمیع الرحمان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ کامیاب حجاج کرام کو خطوط کے ذریعے حج کی تربیت کے حوالے سے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا تربیتی پروگرام منگل کو ٹیکسلا میں منعقد ہوا‘اس موقع حجاج کو حج فرائض کے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ 22 جولائی کوپنڈی گھیب‘ 23 جولائی فتح جنگ‘ 24 جولائی حسن ابدال‘ 25 جولائی اٹک ‘ 26 جولائی جھنگ‘تلہ گنگ میں شروع ہوں گے۔
قاضی سمیع الرحمان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے حجاج کرام کی تربیت 28 اور 29 جولائی کو مدینتہ الحجاج حاجی کیمپ اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ چکوال میں تربیت کا آغاز 30 جولائی‘ گوجرخان31 جولائی‘ جہلم یکم اگست‘ مانسہرہ‘ ایبٹ آباد دو اگست ‘ ہری پور چار اگست‘ خوشاب پانچ اگست‘ بھکر چھ اگست‘ میانوالی سات اگست‘ عیسیٰ خیل اور ڈیرہ اسماعیل خان 8 اگست‘ پنڈ دادن خان 9 اگست‘ میرپور آزاد کشمیر 12 اگست‘ مظفر آباد 13 اگست‘ سکردو 14 اگست اور آخری تربیتی پروگرام 15 اگست کو گلگت میں منعقد ہوگا۔