حافظ نعیم الرحمن کی کمشنر کراچی شعیب صدیقی سے ملاقات،شہری مسائل پر تبادلہ خیال

259

جماعت اسلامی کے وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کمشنر کراچی شعیب صدیقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور شہری مسائل بالخصوص بجلی کی لوڈشیڈنگ ،پانی کے بحران اور ندی نالوں کی عدم صفائی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور پیش آمدہ بارشوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کے نکاسی آب کے انتظامات کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب ،نائب امیر مسلم پرویز ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ سیل کے انچارج سید قطب بھی مو جود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ محکمہ مو سمیات نے شہر میں با رشوں کی پیشنگوئی کی ہے ،جس سے نمٹنے کے لیے اقدامات نظر نہیں آرہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہر کی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے ،ہم اس شہر کے اسٹیک ہو لڈر ہیں اور ہم نے حالیہ بارشوں کے پیشِ نظر ڈیزاسسٹر مینجمنٹ سیل قائم کر دیا ہے جس کے انچارج سید قطب ہوں گے ۔جماعت اسلامی کے تمام ضلعی دفاتر کو رین ایمرجنسی سینٹر میں بھی تبدیل کر دیا ہے ۔یہ شہر ہمارا ہے ہم نے ماضی میں بھی اس کی خدمت کی ہے اور اب بھی اس کی خدمت کر رہے ہیں۔شعیب صدیقی نے جماعت اسلامی کے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہم نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جس کے تحت ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا ۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج ہم نے شہری مسائل پر کمشنر کراچی سے تفصیلی ملاقات کی اور اس سلسلے میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہا نی کرائی ہے اور کہا ہے کہ جہاں جماعت اسلامی کے ضلعی دفاتر میں ایک جانب بارشوں کے دوران رین ایمرجنسی کے طور پر کام کر یں گے ۔وہیں دوسری جانب جماعت اسلامی کے کارکنان بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات نہ ہونا بھی شہری مسائل کی جڑ ہیں ۔پچھلے دس سالوں میں پیپلز پارٹی اور متحدہ نے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے۔ اس لیے مو جودہ صورتحال کے ذمہ دار بھی یہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کل ہلکی سی بارش ہوئی اور پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا ایسا محسوس ہو تا ہے کہ شہر یوں کو جان بوجھ کر تنگ کیا جا رہا ہے ہم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔