گوادرکوملانے والی سڑکوں کی تعمیرجاری ہے، آئی ایس پی آر

221

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت گوادر کو ملک کے دوسرے حصوں سے ملانے کیلیے سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سڑکوں کی تعمیرکا کام آرمی چیف کی ہدایت پر ہو رہا ہے اور یہ سارا منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پروجیکٹ پر فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن کے 11 یونٹ کام کر رہے ہیں، پروجیکٹ 850 کلومیٹر سڑکوں پر محیط ہے، جن میں سے ڈیڑھ سال میں 502 کلومیٹر سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پروجیکٹ پر کام کے دوران واقعات میں 6 فوجی اہلکاروں سمیت 16افرادشہید ہوئے جبکہ مختلف واقعات میں 136 افراد زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہم ایف ڈبلیو او پروجیکٹ کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور بروقت مکمل کرنے کیلیے پرعزم ہیں ۔ روزانہ ڈیڑھ کلومیٹرسڑک تعمیرکی جا رہی ہے جو عالمی معیار کے مطابق ہے، سیکیورٹی کے مسائل، سخت موسم ، پہاڑی علاقے اہم چیلنجز تھے۔