جماعت اسلامی کے تحت مرکزی رین ایمرجنسی سینٹر نے سرگرمیاں شروع کردیں

173

جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت ادارہ نور حق میں قائم مرکزی رین ایمرجنسی سینٹرنے سرگرمیاں شروع کردی ہیں ۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی رین ایمرجنسی کا افتتاح کیا ۔

 حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی تمام سرگرمیاں روک کر فوری طور پر رین ایمرجنسی کے طور پر کا م کا آغاز کردیا ہے ۔ جماعت اسلامی کے تمام ضلعی دفاتر میں بھی رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیئے گے ہیں ۔ انہوں نے الخدمت کے رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ مختلف علاقوں بالخصوص نشیبی اور مضافاتی علاقوں میں نکل جائیں اور مرکزی سینٹر سے مستقل رابطے میں رہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ رکھیں گے اور بارش کے متاثرین کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مشکل اور پریشانی کے ان حالات میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔انکا کہنا تھا کہ ہم تیز باش اور پانی کے اندر پھنسے ہوئے لو گو ں کو نکا لنے اور شاہراہوں اور سڑ کوں پر گاڑ یوں کو بحال کر نے میں مدد کر یں گے ۔الخدمت کی یہ سر گرمیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

Heavy-rain

 دریں اثناءبارش کے فوراًبعدالخدمت کی ایمبولینس اور دیگر گاڑیاں شہر کے مختلف علاقوں میں گشت پر نکل گئیں اور رضاکاروں کی ٹیمیں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں سر گرمِ عمل ہو گئیں ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے رضا کاروں کی ٹیم کے ہمراہ بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور بارش میں پھنسے ہو ئے لو گوں کی مدد کی ۔ وہ اللہ والی چورنگی گئے اور ٹریفک میں پھنسے ہو ئے افراد کو نکالنے میں مدد کی ۔حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں الخدمت کے رضا کاروں کی ٹیم نے مختلف شاہراﺅں اور سڑ کوں پر پھنسی گاڑیوں اور مو ٹر سائیکلوں کو بھی پانی سے نکلنے میں مدد کی ۔

 اس موقع پر الخدمت کے مینیجر منظر عالم ،مرکزی رین ایمرجنسی سینٹر کے انچارج محمد قطب اور دیگر ذمہ دار ان کے علاوہ الخدمت کے رضا کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔