حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کو کمیشن کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے،خورشید شاہ

277

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ یہی طے ہوا تھا کہ عدالتی کمیشن کا فیصلہ سب تسلیم کریں گے اس لئے حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کو کمیشن کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے۔ جمعرات کو یہاں سے جاری ایک بیان میں خورشید احمد شاہ نے کہا کہ فیصلہ ماننا ہی جمہوریت اور ملک و قوم کےلئے بہتر ہوگا، رپورٹ منظر عام پر آنے سے سب کے شکوک و شبہات دور ہو جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انکوائری کمیشن کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے۔

خورشید شاہ نے چترال اور ملک کے دیگر علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو متاثرین کے ریلیف کیلئے فوراً موثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فوری امدادی کارروائیوں سے لوگوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاﷲ اس بار بھی ہم عوام کے تعاون سے مشکل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آفت زدہ علاقوں میں اپنی امدادی کارروائیاں جاری رکھے گی اور اپنے بھائیوں کی امداد میں کوئی کمی نہیں آنے دے گی۔