سعودی عرب، یمنی باغیوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

207

سعودی عرب کے جنوبی شہر الظہران کی یمن سے متصل سرحد پر واقع ایک رہداری پر یمنی باغیوں اور سابق صدر علی صالح کی وفادار ملیشیا کے حملے کی کوشش کو سعودی سرحدی محافظوں نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔

 سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق علی صالح ملیشیا کے جنگجو 16 گاڑیوں کے ہمراہ سرحدی گذرگاہ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے کنٹرول ٹاورز اور دیگر جدید آلات کی مدد سے ان کی نقل وحرکت کا پتا چلا لیا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ دہشت گردوں کے خلاف فورسز کا آپریشن چھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں توپ خانے، ٹینکوں، اپاچی ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

علی صالح کی وفادار فوج نے کئی گاڑیوں پر جنگجوﺅں اور کاتیوشا راکٹوں کی بڑی تعداد سرحدی گذرگاہ تک پہنچانے کی کوشش کی تھی تاہم ان کی یہ سازش ناکام بنا دی گئی ۔