امریکا اور کیوبا کے سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پہلی بار بینکاری کے شعبے میں تعلقات قائم کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کے اسٹون گیٹ بینک اور کیوبا کے بانکو انٹرنیشنل دی کامرس ایس اے بینک کے درمیان یہ معاہدہ طے پایا ہے۔
اسٹون گیٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ سیلیسکی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور کیوبا کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کا یہ ایک اور اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان رقم کی آسانی سے ترسیل سے تجارت میں اضافہ ہوگا اور اس سے ان امریکی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا جو کیوبا میں کاروبارکرنا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ ابھی تک کیوبا کے حکام نے امریکی کمپنیوں کو کیوبا میں کام کرنے کی اجازت دینے کا اعلان نہیں کیا ہے اور نہ ہی ان کی طرف سے اسٹون گیٹ اور بی آئی سی ایس اے کے درمیان معاہدے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔