مری میں لینڈ سلائیڈ کنٹرول ٹیکنالوجی کے تحت 5لاکھ پودے لگائے جائیں گے،محکمہ جنگلات

201

 محکمہ جنگلات پنجاب لینڈ سلائیڈکنٹرول ٹیکنالوجی کے تحت مری میں مزید 5لاکھ پودے لگائے گا۔

 محکمہ جنگلات پنجاب کے کنزرویٹر افتخار احمد قریشی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ رواں مون سون سیزن میں مری میں لینڈ سلائیڈنگ کنٹرول ٹیکنالوجی بائیو انجینئرنگ ورکس کے زریعے مزید 5لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ روبینیا ،چیڑ اور بند اخروٹ سمیت 5فٹ اونچائی کے دیگر پودے بھی لگائے جائیں گے ۔

افتخار احمد قریشی کا کہنا تھا کہ 5فٹ اونچائی کے پودے لگانے کا کامیاب تجربہ شوالہ کے مقام پر پہلے ہی کیا جاچکا ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ رواں مون سون میں بھی 5فٹ اونچائی کے مزید پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پودے لگانے کاکام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے روک تھام کے لیے قبل ازیں بھی بائیو انجینئرنگ ورکس ٹیکنالوجی کے ذریعے لاکھوں پودے لگائے گئے جو کہ نہ صرف مری کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے بلکہ یہ لینڈ سلائیڈنگ روکنے میں بھی معاون ثابت ہوئے ۔

کنزرویٹر فارسٹ افتخار احمد قریشی کا مزید کہنا تھا کہ مری سمیت دیگر جنگلات میں نیچرل ری جنریشن کی حفاظت کے لیے بھی خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں۔