جماعت اسلامی شہر کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے، حافظ نعیم الرحمن

201

 جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی شہر کراچی کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے۔ جماعت اسلامی نے  ماضی میں بھی دیانت کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے ناصر شاہ کی ادارہ نور حق آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمن اور ناصر شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔

حافظ نعیم الرحمن کا میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ناصر شاہ اور ان کی پوری ٹیم کی ادارہ نور حق آمد پر ہم ان کا شکریہ اداکرتے ہیں یہ ایک اچھی اور مثبت علامت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ایک ایسے موقع پر جب شہر میں ایمر جنسی کی کیفیت ہے یہ ملاقات مثبت قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ عرصے بلدیات کا جو حال رہا ہے اس سے سب واقف ہیں جبکہ کرپشن ،بدعنوانی اور اقرباپروری اپنے عروج پر رہی ،عوامی مسائل کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کہ آج انفرا اسٹرکچر میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے ، ندی نالوں کی صفائی کا جو کام ہورہا ہے وہ سست روی کا شکار ہے ،یہ کام تیزی کے ساتھ ہونے چاہیئں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہر کی اسٹیک ہولڈر ہے، ہم نے اپنی تمام سرگرمیوں کو معطل کرکے تمام دفاتر کو رین ایمر جنسی سینٹر بنادیا ہے تاہم میت گاڑیوں کے ذریعے بس سروس فراہم کررہے ہیں اور ایمبولینسوں کے ذریعے بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے اور جماعت اسلامی شہری انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

 ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں یہ کبھی ٹریفک کنٹرول کرتے ہیں اور کبھی عوامی خدمت میں سرگرم نظر آتے ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ یہ حکومت کے کرنے کے کام ہیں مگر تنہا حکومت بھی کچھ نہیں کرسکتی ۔ انکا کہنا تھا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں جماعت اسلامی کا نمایاں کردار ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبدالوہاب ،نائب امراءبرجیس احمد ، مسلم پرویز ،ڈاکٹر واسع شاکر ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی بھی موجود تھے جبکہ وزیر بلدیات کے ہمرا ہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ آغا پرویز ،ایڈمنسٹریٹر ایسٹ صلاح الدین شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر علی زیدی اور ایڈمنسٹریٹر ساﺅتھ ڈی ایم سی محمد فاروق بھی موجود تھے ۔