اسٹیل مل کے مزدوروں کی خوشحالی کی تحریک کا بھر پورساتھ دیں گے، حافظ نعیم الرحمن

264

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اسٹیل مل کی نجکاری کے خلا ف اور ادارے کی بحالی ، مزدورو ںکی خوشحالی اور اسٹیل مل کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے مزدوروں کی تحریک میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔  اسٹیل مل کی نجکاری ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل ہوگا ۔

 ادارہ نور حق میں پاسلو کے صدر حاجی خان لاشاری کی قیادت میں اسٹیل مل کی لیبر یونینز کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور اسٹیل ملز کی دن بدن بگڑتی صورتحال ،پیداوار کی بندش اور مزدوروں کے مسائل کے بارے میں بتایا اور اپیل کی کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور اسٹیل مل کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔

حافظ نعیم الرحمن کا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسٹیل مل کو بچانے اور ہزاروں مزدوروں کے معاشی قتل عام کو روکنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مزدوروں کا ساتھ دینا چاہیے جبکہ اسٹیل مل کا مسئلہ ایک قومی مسئلہ ہے اور حکومت اسٹیل مل کی نجکاری سے باز رہے ۔

 حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کو جان بوجھ کر تباہ کرنے اور بند کرنے کی کوششوں کو ختم کیا جانا چاہیے ۔ انکا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس سلسلے میں پاکستان اسٹیل کے مزدوروں کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اور بطو ر سیاسی جماعت بھی اور مزدوروں کے حقوق کی آواز کو ہر سطح پر اٹھانے کی بھر پور کوشش کرے گی۔

 وفد میں پیپلز یونین نظریاتی گروپ کے اکبر ناریجو ، یاسین جامڑو ،سندھی پوریت سنگت کے صدر شوکت کورائی ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری پاسلو طارق اعوان اور نائب صدر پاسلو ذوالفقار شامل تھے ،اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔