جماعت اسلامی نے لیاقت آباد میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا

251

 حالیہ بارشوں میں جماعت اسلامی کے تحت جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اتوار کے روز سی ایریا لیاقت آباد میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر و صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن نے رین ایمر جنسی سینٹر کا افتتاح کیا ۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ الخدمت کا نیٹ ورک پور ے پاکستان میں پھیلا ہوا ہے اور یہ ایک ایسا ادارہ ہے جس نے خدمت میں دیانت کی اعلی مثال قائم کی ہے جبکہ ہم بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ ملک و قوم پر جب بھی کوئی کڑ اوقت آیا ہم نے میدان عمل میں نکل کر خدمت کی روایت کو برقرار رکھاہےجبکہ حالیہ بارشوں میں بھی جماعت اسلامی میدان عمل میں سرگرم ہیں ،مگر المیہ یہ ہے کہ حکومت نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں ۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں نے حکومتی دعوﺅں کی قلعی کھول دی ہے اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں جماعت اسلامی حکمرانوں کو آئینہ دکھا رہے ہیں جبکہ الخدمت اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ انکا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی نے اپنے دفاتر کو رین ایمرجنسی سینٹر میں تبدیل کردیا ہے ،جبکہ بارش کے دوران جماعت اسلامی کے کارکنوں اور الخدمت کے رضاکاروں نے ٹریفک کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ بارشوں میں پھنسے شہریوں کو الخدمت میت گاڑیوں کے ذریعے ان کے گھر وں تک پہنچایا ہے۔

 افتتاحی تقریب میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبدالوہاب ، نائب امیر مسلم پرویز ، اسسٹنٹ سیکریٹری راشد قریشی ، ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر ،لیاقت آباد زون کے امیر اسحاق تیموری اور دیگر بھی شریک تھے ۔