گجرات میں گلیانہ تھانے کی پولیس چوکی گوٹریالہ پر دہشتگردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد مارے گئے ۔ ڈی پی او گجرات کا کہنا ہے آپریشن مکمل کر کے دہشتگردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔
ڈی پی او گجرات رائے ضمیرالحق کا کہنا ہے دہشتگردوں نے گلیانہ تھانے کی پولیس چوکی گوٹریالہ پر حملہ کیا تھا جس سے چوکی پر موجود دو پولیس اہلکار معظم اور عثمان شدید زخمی ہوگئے ۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے باقی ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگل میں فرار ہو گئے ۔
ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کا کہنا ہے مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں ۔ ضمیر الحق کے مطابق دہشتگردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ تاہم پولیس کی طرف سے سرچ آپریشن جاری ہے ۔