عبدالرشید ترابی کی سراج الحق سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

256

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ،خدمت اور خون جماعت اسلامی پیش کررہی ہے عوا م اس کا صلہ دے،تحریک آزادی کشمیر کا فیصلہ کن کردار کے لیے بیس کیمپ میں جماعت اسلامی کا موثر کردار بہت ضروری ہے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سوا کروڑ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق دلوانے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے خود اقوام متحدہ میں جاکر کشمیریوں سے ان کا حق دینے کا عہد کیا تھا بھارت اس کو پورا کرے۔ جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کے لیے اس سے قبل بھی کردار ادا کیا ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق مل نہیں جاتا اس وقت تک جماعت اسلامی کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال سے سراج الحق کو آگاہ کیااور آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان سید علی شاہ گیلانی کے تحفظات فوری طور پر دور کرے،مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے ،نریندر مودی کے خطرناک عزائم کشمیریوں نے ناکام بنا دئےے ہیں جموں ریجن سے مسلمانوں کی بے دخلی ریاستی مسلم تشخص کے خلاف گہری ساز ش ہے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں جب تک ایک بھی ہندوستانی فوجی مقبوضہ کشمیر میں موجود رہے گا کشمیری اپنی جائز مبنی بر حق جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔