برمنگھم:تیسراٹیسٹ،انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8وکٹوں سے شکست دے دی

230

ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں برطانیہ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ سیریز میں اب انگلینڈ کو ایک کے مقابلےمیں دو میچز سے برتری حاصل ہو گئی ہے ۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلےجانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو ، ایک سے برتری حاصل کر لی ۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 265 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح برطانیہ کو جیت کے لئے 121 رنز کا ہدف دیا تھا ۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ انگلش ٹیم کے بلے باز آئین بیل اور جے ای روٹ نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور ناٹ آؤٹ رہے ۔ آئین بیل نے 65 ار جے ای روٹ نے 38 رنز اسکور کیئے ۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر کھڑے رہنے میں ناکام رہا۔ وارنر نے 62 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 77 رنز اسکور کئے ۔ ایک موقع پر آسٹریلیا کی چھ وکٹیں صرف 111 رنز پر گر گئی تھیں لیکن ساتویں وکٹ کے لیے وکٹ کیپر پیٹر نیول اور مچل جانسن کی 42 رنز کی اہم شراکت نے آسٹریلیا کو اننگز کی شکست کے خطرے سے بچایا۔

اس سے قبل انگلش ٹیم گزشتہ روز دوسرے سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی۔ انگلینڈ کو اس سکور تک پہنچانے اور پہلی اننگز میں 145 رنز کی برتری دلوانے میں جو روٹ اور معین علی کی نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔ روٹ نے 63 اور معین نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ معین علی نے آٹھویں وکٹ کے لئے سٹوئرٹ براڈ کے ساتھ مل کر بھی 67 رنز کی شراکت قائم کی۔

واضح رہے کہ کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔ اس کے بعد لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔