کراچی میں امن پر شہریوں کو مبارکباددیتا ہوں،پرویز رشید

218

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کراچی میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ کراچی کے امن میں رینجرز ، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے ۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جوڈیشل کمیشن اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کراچی کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں کراچی کے شہریوں کو مبارک ہو ۔ اب انشاءاللہ کراچی کی رونقیں مستقل طورپر قائم رہیں گی ۔ اب ہماری درس گاہیں اور عبادت گاہیں بھی محفوظ ہوں گی ۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کراچی میں امن قائم کرنے میں پولیس ، رینجرز اور دوسرے سیکورٹی اداروں کا کردار بہت اہم ہے ۔ کراچی میں مستقل امن کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ مجرم کسی بھی جماعت سے ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا ہم سب کو ملکر پاکستان کو پرامن بنانا ہے آپریشن ضرب عضب میں فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں ۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا پاکستان کو دہشتگردی سے آزاد کرانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔ سب نے پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلیے قربانیاں دی ہیں۔

پی ٹی آئی کے مسئلے پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے معاہدہ کیا تھا کہ اگر انکوائری کمیشن کے سامنے الزامات ثابت نہ ہوئے تو وہ الزامات سے دستبردار ہو جائیں گے اور اگر الزامات درست ثابت ہو جاتے تو ہم حکومت چھوڑ دیتے ۔ پرویز رشید کا کہنا تھا ایم کیوایم اور جے یوآئی(ف) کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کو اسمبلی میں کردار ادا کرنے دیں اور اپنی تحاریک واپس لے لیں ۔