ود ہولڈنگ ٹیکس:جماعت اسلامی سندھ نے بھی تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا

237

جماعت اسلامی سندھ کے نائب وسابق ایم این اے امیرمحمد حسین محنتی نے حکومت کی جانب سے ظالمانہ ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف یکم اگست کو تاجر برادری کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس ظلم کیخلاف تاجر برادری کے ساتھ ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکومت تاجر برادری کی حوصلہ افزائی کرکے صنعت وتجارت کو فروغ دینے کی بجائے اپنے ظالمانہ اقدامات سے معیشت وتجارت کو تباہ اور تاجر برادری کو احتجاج پر مجبور کررہی ہے۔ حکمران مہنگائی، کرپشن پر کنٹرول اور اپنی عیاشیاں بند کرنے کی بجائے ود ہولڈنگ ٹیکس جیسے ظالمانہ اقدامت کے ذریعے عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہے۔ تاجر برادری اپنے معمولی اختلافات سے بالاتر ہوکر اس اہم مسئلے پر اتحاد ویکجہتی کا امظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں۔

صوبائی رہنماءنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملکی معیشت کی بہتری اور تجارت کے فروغ کیلئے ظالمانہ ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لے اور تاجر برادری میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جائے۔