ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر ہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں،سراج الحق

254

امیرجماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سابقین جمعیت کے احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر ہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں ۔حکومت کو تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہیے تھے ۔ اسحق ڈار نے ایک دوبار تاجروں کو بلایا مگر مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا ۔وزیر اعظم ا بھی تک ایم کیوا یم اور جے یو آئی کو منانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، پی ٹی آئی کو اسمبلیوں میں بیٹھنے کا موقع ملنا چاہئے۔ تحریک انصاف کو اسمبلیوں سے نکالا گیا تو انتشار پیدا ہوگا اور خود حکومت کیلئے مسائل پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس حراست میں کسی کا ماراجانا قانون شکنی کی بدترین مثال ہے،اگر ملک اسحق اور اس کے ساتھیوں کو پولیس نے اپنی حراست میں مارا ہے تو قانون کا احترام کرنے والا کوئی شہری بھی اسے پسند نہیں کرے گا ،انہیں عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے تھا ،پنجاب حکومت معاملے کی انکوائری کرائے اور وضاحت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ایک ظالم اور استحصالی طبقہ قابض ہے ،جس نے اپنے اسٹیٹس کو کی خاطر پاکستان کو دنیا میں تماشا بنا دیا ہے ،یہ طبقہ حکومت یہاں کرتا ہے مگر اس کا دل لندن اور واشنگٹن میں اٹکا ہوا ہے ،لوگ چھوٹی چھوٹی ضرورتوں کیلئے سیاسی پنڈتوں کے گھروں کا طواف کرنے پر مجبور ہیں ،اسٹیٹس کو کے بت کو پاش پاش کرنے کیلئے نوجوانوں کو متحد ہوکر آگے بڑھنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا لیا جاتا ہے اور ان کا کوئی سراغ نہیں ملتا ،لاپتہ افراد کے والدین اور بچے ان کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملتا ،انہوں نے کہا کہ لوگ ریاست نہیں ظالمانہ نظام اور استحصالی سیاست کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ سیکولر لابی عوام کو شریعت کے نام سے خوف زدہ کررہی ہے حالانکہ قائد اعظم ؒ نے خود ایک سو سے زائد مرتبہ پاکستان میں قرآن و سنت کے دستور کے نفاذ کی بات کی تھی ۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد اور سیکرٹری جنرل عمیر خان نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں سابقین جمعیت کے سینکڑوں احباب نے شرکت کی ۔