پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد خان کا کہنا ہے پارٹی کو کھوکھلا کرنے والوں کا محاسبہ کرنا ہو گا ، مفاد پرست لوگوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت خطرناک ہے، عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں وہ آسمان سے زمین کی طرف لوٹ آئیں ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان کاکہنا تھا قبضہ مافیا پارٹی کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ہم پارٹی کو بچانے کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار ہیں ۔ مفاد پرست ٹولے کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ۔ پارٹی کو خراب کرنے والوں کو نکال باہر کریں گے ۔
حامد خان کا کہنا تھا پارٹی میں صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے ، شوگر مافیا کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں بنتی ۔ پارٹی کو کھوکھلا کرنے والوں کا محاسبہ کرنا ہو گا ، دیکھنا ہو گا کہ کون ہمیں اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا پارٹی کے اندر بنائے گئے ٹربیونل کے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے تحریک چلائیں گے ۔ پارٹی میں آمریت کےحامیوں کی شمولیت نقصان دہ ہے، خاموش رہے تو پارٹی مزید زوال کا شکار ہو جائے گی، عمران خان کے اردگرد دوسری پارٹیوں جیسے لوگ آئے تو تبدیلی نہیں آئے گی۔
حامد خان کا کہنا تھا عمران خان کا مؤقف ٹھیک تھا کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، مگر ہم انکوائری کمیشن کے سامنے اس کو ثابت نہیں کر سکے ۔ ڈھائی سال میں مسلم لیگ ن نے بجلی کا مسئلہ حل نہیں کیا ۔