اسلام آباد:وزیراعظم کی گاڑی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

183

وزیراعظم نواز شریف کے قافلے پر گاڑی سے حملہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ۔ مشکوک گاڑی وزیراعظم کے قافلےمیں داخل ہوئی اور ڈرائیور نے گاڑی کو وزیراعظم کی گاڑی سے ٹکرانے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا ۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق مری سے اسلام آباد میں داخل ہوتے وقت مشکوک گاڑی وزیراعظم نواز شریف کی گاڑیوں کےقافلےمیں داخل ہوئی ۔ ڈرائیور نے گاڑی کو وزیراعظم کی گاڑی سے ٹکرانے کی کوشش جو کہ سیکورٹی پر معمور اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی اور گاڑی کو روک لیا ۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق حملے میں وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے ۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق مشکوک سفید رنگ کی پراڈو ملپور کے علاقے سے قافلے میں داخل ہوئی ۔ مشکوک شخص نے پہلے ریٹائرڈ ایئرفورس آفیسر کے طور پر تعارف کرایا بعد میں مکر گیا ۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے گاڑی اور ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی کی نمبر جعلی ہے ۔ سیکورٹی اہلکاروں نے ڈرائیور سے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔