آرمی چیف کا حکومت،فوج اور قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے ، چوہدری نثار

222

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے آرمی چیف کا حکومت ، فوج اور ساری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔ پاک فوج نظم و ضبط کی پابند ہے اس لئے چند افسران مل کر آرمی چیف کا تبدیل نہیں کر سکتے ۔

اسلام آباد میں نادرا کے آن لائن درخواست فارم سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا پاکستان میں حکومتی امور چلانا آسان کام نہیں ۔ سیاسی لوگوں کے بارے میں سازشوں ہوتی رہتی ہیں لیکن فوج کا ان تناذعات سے کچھ لینا دینا نہیں ہوتا ۔ ان کا کہنا تھا میں دھرنے پر ایک پوری کتاب لکھ سکتا ہوں مگر چوراہے پر گندے کپڑے دھونا ٹھیک نہیں ۔

چوہدری نثار علی کا کہنا تھا ہم حالت جنگ میں دشمن ہماری گلیوں ، کوچوں اور بازاروں میں چھپا بیٹھا ہے ۔ اس موقع پر فوج کے خلاف بیان دینا ملک کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ۔ ملک میں امن کے لئے پاک فوج کی قربانیاں قابل فخر ہیں ۔ پاک فوج وہ واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی ۔ ان کا کہنا تھا یہ ممکن ہی نہیں کہ چند افسر مل کر آرمی چیف کو تبدیل کردیں، موجودہ آرمی چیف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا نادرا وہ ادارہ ہے جس پر پاکستان فخر کرسکتا ہے،حکومت نے نادرا کو قومی مفادکا مینڈیٹ دیا ہے، پیپلز پارٹی کے آخری دور میں نادرا خسارے میں تھا، ہمارے دور میں ادارے کو 5 ارب روپے کا فائدہ ہوا، ان کی ذاتی خواہش ہے کہ نادرا کا ادارہ شفاف ہو، گزشتہ ادوار میں نادرا نے لاکھوں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔

چوہدری نثارعلی کا کہنا تھا 2011 میں 26، 2012 میں 493، 2013 میں 6 ہزار اور رواں سال کے 6 مہینوں میں 60 ہزار شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی ویزا آن لائن ہوسکتا ہے تو ہمارا کیوں نہیں ، ڈی جی پاسپورٹ نے اس بات پر فوری عمل کرتے ہوئے آن لائن درخواست فارم سسٹم کا آغاز کردیا۔  پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے کو بائیو میٹرک کروانا ہوگا۔ اس کے علاوہ آیندہ 6ماہ میں نادرا کی ڈی این اے لیب بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔