وزیراعظم نوازشریف ہزارہ موٹر وے کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے چیچیاں پہنچ گئے ۔ جائزہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا ہے ہزارہ موٹر وے پہلے مرحلےمیں ہزارہ سے حویلیاں تک جائے گی ۔ حویلیاں سے مانسہرہ تک ہزارہ موٹر وے دوسرے مرحلے میں مکمل ہو گی ۔ کہتے ہیں سڑک کسی بھی خطے کی ترقی کا پہلا زینہ ہوتی ہے ۔
ہری پور: ہزارہ موٹروے کی جائزہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا سڑک کسی بھی ترقی کا پہلا زینہ ہوتی ہے ۔ ہزارہ موٹروے کی تعمیر سے خطے میں خوشحالی آئے گی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ہزارہ موٹروے چین کی سرحد تک جائے گی ۔ ہزارہ موٹروے چین اقتصادی راہداری منصوبے کا بھی حصہ ہے ۔ ہزارہ موٹروے 6 رویہ ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کوشش ہو گی کہ ہزارہ موٹروے جلدازجلد تعمیر ہوجائے ۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا یہ موٹر وے انشاءاللہ پشاور سے کراچی تک جائے گی ۔ اور کراچی سے لاہور تک موٹر وے کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ لاہور سے کراچی تک چھ لین موٹروے تعمیر کی جائے گی ۔ ہنزہ عطاآباد میں 7 کلومیٹر طویل سرنگ بنائی جائے گی ۔ سرنگ بنانے پر 27 ارب روہے لاگت آئے گی ۔ نوازشریف کا کہنا تھا بلوچستان میں بھی سڑکوں کا جال بچھانا شروع کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا آزادکشمیر میں بھی بہت اہم سڑکوں کی تعمیر کا ارادہ ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ہم اس سال بجٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے 112 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔
اس سے پہلے جب وزیراعظم نوازشریف ہزارہ موٹروے کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے چیچیاں پہنچے تو ان کو موٹروے کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ ڈائریکٹر این ایچ اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد 2014 میں رکھا گیا تھا ۔ اور منصوبے کو دسمبر 2016 تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر 22 ارب 34 کروڑ روپ لاگت آئے گی ۔