پاکستان ایران کے لئے انتہائی اہم ملک ہے ، ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف

194

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے پاکستان ایران کے لئے انتہائی اہم ملک ہے اس لئے ایران کے بھارت کے ساتھ تعلقات کا پاکستان کے ساتھ تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا پاکستان اور ایران پابندیوں کے باعث تجارت کو فروغ نہیں دےسکے مگر اب کسی رکاوٹ اندیشہ نہیں ، اب تجارت بھی ہوگی اور سرمایہ کاری بھی ۔ جوادظریف کا کہنا تھا ہمسایہ ملک ہونے کے باوجود ہمارے شہری تیسرے ملک کے ذریعے سفر کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اورایران میں موجود ٹرانسپورٹ معاہدے پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا دوسروں کا امن داؤ پر لگا کر اپنا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاسکتا۔ دوسرےممالک کیساتھ اچھےروابط ہوسکتےہیں توسعودی عرب کیساتھ کیوں نہیں۔ پاکستان اوربھارت مسئلہ کشمیرپر ایران کی مددلیناچاہیں تو خوشی ہو گی، ایران کےبھارت سےتعلقات کاپاکستان سےتعلقات پرکوئی اثر نہیں ہو گا۔

انتہاپسندی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جوادظریف کا کہنا تھا اسلام کے نام پر ہونیوالی قتل وغارت گری اسلامی تعلیمات نہیں، ہمیں اسلام سےمتعلق منفی سوچ کو تبدیل کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، اور اس حوالے سے ایران مختلف مذہبی فرقوں کے درمیان ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا ایران کشمیریوں اور فلسطنیوں کی آزادی کی تحریکوں کی حمایت کرتا رہے گا ۔