لاہور:ایف پی سی سی آئی کے دفتر میں تاجروں کااجلاس، 36رکنی کمیٹی تشکیل

236

ایف پی سی سی آئی کے دفتر میں ہونے والے تاجر اجلاس نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ۔ اعلامیے کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لئے 36 رکنی مشاورتی کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دفتر میں ملک بھر کے تاجروں کے مختلف دھڑوں کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں حکومت سے مذاکرات کے لئے 36 رکنی مشاورتی کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں نعیم میر ، محبوب سرکی ، خالد پرویز ، رزاق ببر ، حاجی عبدل خان ، اورخواجہ افضل سمیت تاجروں کے دیگر دھڑوں نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد پرویز کا کہنا تھا تاجر کسی صورت ودہولڈنگ ٹیکس ادا نہیں کریں گے اور اگر حکومت نے مذاکرات کرنے تو پہلے ٹیکس واپس لے ۔ خالدپرویز کا کہنا تھا تاجروں کے تمام دھڑے مشاورتی کونسل کے فیصلوں پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا تمام تاجر برادری ایف بی آر کے ریجنل دفاتر کے باہر 18 اگست کو احتجاج کرےگی ۔

تاجر رہنما نعیم میر کا کہنا تھا ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر تمام فیصلے 36 رکنی مشاورتی کونسل کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا ودہولڈنگ ٹیکس کی واپسی تک حکومت سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ اشرف بھٹی کا کہنا تھا ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر برادری متحد ہے ۔ محبوب سرکی کا کہنا تھا ہم نے مشترکہ جدوجہد کے لیے تمام اختلافات بھلا دیے ہیں ۔ میدان میں اتریں گے تو اب اکٹھے اتریں گے ۔