شجاع خانزادہ نے بہادر پاکستانی کی طرح قربانی دی ، آئی جی پنجاب

199

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے اٹک حملے میں 14 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے ۔ بظاہر لگتا ہے کہ 2 خودکش حملہ آوروں نے دھماکہ کیا ۔ ان کا کہنا ہے شجاع خان زادہ نے بہادر پاکستانی کی طرح دہشتگردی کی جنگ میں قربانی دی ۔

اٹک میں خودکش حملے کی جگہ کا معائنہ کرنے کےدوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا بظاہر لگتا ہے کہ دو خودکش حملہ آوروں نے دھماکہ کیا ایک نے عمارت کے اندر اور ایک نے عمارت کے باہر دیوار کے ساتھ ۔ انکا کہنا تھا حملےمیں کالعدم تنظیموں کا ملوث ہونا خارج از امکان نہیں کیوں کہ پنجاب میں کئی کالعدم تنظیمیں مل کر کام کر رہی ہیں ۔

مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا شجاع خانزادہ نے بہادر پاکستانی کی طرح دہشتگردی کی جنگ میں قربانی دی، ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق حملے میں 14 افراد شہید اور 23 زخمی ہوئے ہیں ۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا شجاع خانزادہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں جیتنی ہے، اور انشاءاللہ ملک سے جلد دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا تمام فورس تاحکم ثانی دی گئی پوزیشنز کےمطابق سیکیورٹی فرائض انجام دینگی، ان کا کہنا تھا صوبے بھر میں سرچ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔