جماعت اسلامی سانحہ قصور کے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،لیاقت بلوچ

218

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں قصور کے وفد سے ملاقات میں کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب قصور سانحہ پر قائم جے آئی ٹی میں مظلوم خاندانوں کے وکلا اور مدعیوں کو پوری آزادی اور تحفظ سے کاروائی کا حصہ بننے کے لیے بااعتماد فضا دیں۔ سیاسی بااثر افراد مقامی پولیس کی پشت پناہی سے تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی شیطانی کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب حکومت بدنامی کے اس داغ کو اور زیادہ بدنامی کا باعث نہ بنائے۔ عوامی اور سماجی سطح پر سیرت و کردار سازی ،اسلامی نظریہ کی حفاظت اور ترویج ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سانحہ قصور کے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

دریں اثنا لیاقت بلوچ نے ریلوے مزدوروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے کی کارکردگی مسلسل اچھی ہورہی ہے ۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، ریلوے انتظامیہ ، مزدور اور ہنر مند مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستان ریلوے کی کارکردگی بہتر اور خسارہ سے منافع کی صورت پیدا ہورہی ہے۔ حکومت اگر اپنی نیت نیک کرے تو پی آئی اے ، پاکستان اسٹیل ملز اور بجلی کمپنیاں بھی درست ہوسکتی ہیں۔ خسارہ ختم اور ادارے منافع بخش بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی اداروں کی نج کاری کی بجائے قومی اداروں کی حفاظت اور مزدوروں ،ہنر مندوں اور درست پالیسی کے ذریعے اداروں کی اصلاح کی جائے۔