مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے حریت لیڈروں کو ملاقات کے لئے مدعو کرنے پر بھارتی حکومت نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق کو گھروں پر نظر بند جبکہ یاسین ملک اور شیبر شاہ کو گرفتار کرلیا۔
پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات سے قبل ہی انتہا پسند بھارتی حکومت ماحول خراب کرنے میں مصروف ہوگئی اور مذاکرات کو ڈی ریل کرنے کیلئے بھارتی حکومت ایک بار پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے کشمیری رہنماؤں کو سرتاج عزیز کے استقبالیے میں شرکت کے لئے کی دعوت دی تھی ۔ مگر بھارتی حکومت نے اپنی روایتی دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے حریت رہنماؤں کو نظر بند اور گرفتار کرنا شروع کردیا۔
بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مار کر شبیر شاہ اور یاسین ملک کو گرفتار کر لیا تاہم خاتون حریت رہنما آسیہ اندرابی کی گرفتاری کیلئے مارے گئے چھاپے میں ناکامی کا سامنا کر پڑا۔ اس کے علاوہ میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو گھروں میں نظر بند کردیا گیا۔