عمران خان الزامات لگاکر اداروں کی توہین کر رہے ہیں،دانیال عزیز

180

مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کےبعد عمران خان کا منظم دھاندلی کا الزام غلط ثابت ہوا ، اب عمران خان الزامات لگا کر اداروں کی توہین کر رہے ہیں۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے عمران خان میچ ہار چکے ہیں ایک دو اوورز میں چوکے یا چھکے لگانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔

عمران خان کی پریس کانفرنس کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا عمران خان الزامات لگا کر اداروں کی توہین کر رہے ہیں ، اوچھے ہتھکنڈوں اور دھمکیوں سے اب کام نہیں چلے گا ۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کے ارکان کو ہٹانے کا آئینی طریقہ موجود ہے سڑکوں پر بیٹھ کر مسئلہ حل نہیں ہوگا ، قوم عمران خان کے ارادوں کو بھانپ چکی ہے ۔

رہنما ن لیگ دانیال عزیز کا کہنا تھا جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کا موقف غلط ثابت ہو گیا ، اب تحریک انصاف کو سمجھ نہیں آرہی کہ کون سے نئی چال چلیں ۔ عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا خان صاحب الزامات کے رجسٹرالماری میں رکھ کر تالا لگا دیں ۔ ان کا کہنا تھا جہانگیر ترین کے حلقے میں آزاد امیدوار کامیاب ہوا کیا وہاں پر بھی ن لیگ نے دھاندلی کی ؟ دانیال عزیز کا کہنا تھا عمران خان پارلیمنٹ میں بیٹھ کر عوام کی خدمت کریں ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا پاکستان کا مستقبل پارلیمان میں ہے سڑکوں پر نہیں ، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تاریخی ہے اسے سب نے تسلیم کیا ، عمران خان نے دو سال تک قوم کو ہیجان میں مبتلا رکھا ۔ کے پی کے میں عمران خان نے عوام سے کئے وعدے بھی پورے نہیں کئے ۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا جسٹس کاظم پراگر پریشر ہوتا تو وہ ہمارے خلاف فیصلہ نہ دیتے، عمران خان آپ میچ ہار چکے ہیں، ایک اوورمیں چوکےیاچھکےلگانےسےمیچ پرکوئی فرق نہیں پڑنے والا، تحریک انصاف پارلیمانی سیاست میں ناکام ہوچکی ہے۔