وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے بھارت نے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر کے اوفا معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ۔ مودی کو سمجھنا چاہئے کہ کہ وہ اب وزیراعلیٰ نہیں وزیراعظم ہیں ، کشمیر پاکستان کی بنیادی پالیسی کا حصہ ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لئے سنجیدہ تھا مگر بھارت نے راہ فرار اختیار کر کے اوفا معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ۔ خواجہ آصف کہنا تھا بھارت میں درجنوں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں ۔ بھارت میں پاکستانی سفیر کے ساتھ حریت رہنماؤں کی ملاقاتیں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا پاکستان میں دہشتگردی کے تانےبانے بھارت سے ملتے ہیں ، بھارتی دہشتگردی کے ثبوت جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے جائیں گے ۔ بھارت جنگ کا ماحول پیدا کر کے پاکستان کو ولن ثابت کرنا چاہتا ہے مگر دنیا جانتی ہے کہ کس طرح 1965 کی جنگ میں پاکستانی فوج نے انڈین آرمی کو منہ توڑ جواب دیا تھا ۔ وزیردفاع کا کہنا تھا افغانستان کو پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے ۔
وزیردفاع کا کہنا تھا آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں ۔ سیاسی مسائل کے باوجود کراچی میں آپریشن جاری ہے ۔ کراچی آپریشن میں کامیابیوں کی وجہ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔
عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا حکومت کسی سے بلیک میل نہیں ہو گی عمران خان کے دھرنے کی دھمکی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ ان کا کہنا تھا اصل میں عمران خان سے حکومت کی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں ۔
ISLAMABAD, KHAWAJA ASIF MEDIA TALK