لندن:مجسٹریٹ عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ختم

191

ویسٹ لندن کی مجسٹریٹ عدالت میں الطاف حسین منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ۔ اسکاٹ لینڈیارڈ نے تحقیقات کے لئے مزید وقت مانگ لیا ۔

اسکاٹ لینڈیارڈ کی درخواست پر مجسٹریٹ نے منی لانڈرنگ کیس کی ان کیمرہ سماعت کی ۔ سماعت کے دوران میڈیا اور عام لوگوں کو کمرہ عدالت سے نکال دیا گیا ۔

سماعت کے دوران سرفرازمرچنٹ نے اپنے وکلاء کے توسط سے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا کہ میں آج عدالت میں اس لئے حاضر ہوا ہوں کہ بتا سکوں میرے پیسے جائز ہیں اور اپنے پیسوں کے جائز ہونے کے تمام ثبوت عدالت کو فراہم کر سکوں ۔

منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران اسکاٹ لینڈیارڈ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ابھی تک ایم کیوایم اور سرفرازمرچنٹ نے ضبط شدہ رقم کے ثبوت فراہم نہیں کئے ۔ پولیس کا موقف تھا کہ ایسے پیچیدہ کیسز میں تحقیقات کے لئے مزید وقت چاہئے ۔

اسکاٹ لینڈیارڈ کی طرف سے مزید وقت مانگنے پر سرفراز مرچنٹ نے احتجاج کیا تاہم ایم کیوایم کے وکلاء وقت دینے پر تیار ہو گئے ۔ عدالت نے اسکاٹ لینڈیارڈ پولیس کو وقت دیتے ہوئے سماعت ختم کر دی ۔

واضح رہے کہ عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے دوران ایم کیوایم لندن سیکریٹریٹ سے 2 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے تھے جس کے بعد الطاف حسین اور دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس شروع کردیا گیا ۔