ڈاکٹر معراج الہدیٰ کی جانب سے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

226

جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مودی سرکار اور بھارتی بزدل فوج کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری، کندن سیکٹر سمیت ایل او سی پر نہتے شہریوں پر گولاباری اور فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کیخلاف کھلی جنگ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی جانب سے بھارت کے ساتھ آلو پیاز کی تجارت اور دیگر تجارتی سرگرمیوں پر زور دینے کے نتیجے میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا ہے، بزدل بھارتی فوجیوں کی جانب سے بین الاقوامی سرحد پر مسلسل گولا باری اب محدود پیمانے کی جنگ کی شکل اختیار کرچکی ہے،بھارت دراصل ضرب عضب کے نتیجے میں ”را“کی دہشتگردی اور کراچی وبلوچستان میں اپنے ایجنٹوں کی شکست پر سیخ پا ہے جن کو ریلیف دینے کیلئے اس نے عالمی سرحد پر محدود جنگ چھیڑکر پاکستانی فوج کو بلوچستان،کراچی اور فاٹا سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔

صوبائی امیر نے ن لیگ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کیخلاف اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں اپنا کیس پیش کرے اور مسلم دنیا میں سفارتکاری کے ذریعے بھارتی عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے بھارت کیخلاف ایک مضبوط مورچہ بنانے کی کوشش کی جائے۔ آر ایس ایس کی مودی سرکار ایک بار پھر پاکستان کیخلاف اپنے جارحانہ عزائم کے ساتھ کھل کر میدان میں آگیا ہے، جس کیخلاف پوری قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی ماند اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا،بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے ایک ایک چپے کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتا ہے اور یہ 1971 نہیں ہے، اس وقت پوری پاکستانی قوم اپنے قومی اداروں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے شہداءکے خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت اور مودی سرکار کی جنگی جنون کیخلاف دنیا بھر میں تمام عالمی فورمز پر اپنا کیس پیش اور بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرے۔