آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی صدر کے خصوصی معاون برائے جنوبی ایشیا اور جرمنی کے وزیرخارجہ نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں افغانستان میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی صدر کے خصوصی معاون برائے جنوبی ایشیا پیٹرلیوائے نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغانستان میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور افغانستان میں امریکی سفیروں نے بھی شرکت کی ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جرمن وزیرخارجہ فرینک والٹر نے ملاقات کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا ۔ ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب سے متعلق امور بھی زیر غور آئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان میں استحکام اور پاکستان کے کردار کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جرمن وزیرخارجہ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا ۔