اسلام آباد:قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے لوگو کی رونمائی

151

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لوگو کی رونمائی کردی۔ آٹھ ستمبر سے شروع ہونیوالے مین ایونٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ انتخاب عالم کا کہنا ہے آئی سی سی کی پابندی سے آزاد ہونے والے کھلاڑی سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم کا کہنا تھا 8 ستمبر سے شروع ہونیوالے ایونٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی ، مین راؤنڈ کے میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔ انتخاب عالم کا کہنا تھا ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں سے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا چناؤ کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ محمد آصف، سلمان بٹ اور محمد عامر کو کرکٹ میں واپسی کیلئے مزید 8 ماہ درکار ہیں وہ ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ انتخاب عالم کا کہنا تھا تینوں کھلاڑیوں کے مستقبل کیلئے آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز چودہ ستمبر جبکہ فائنل پندرہ ستمبر کو کھیلا جائیگا۔