حکومت اور متحدہ کو ایک میز پر لانا میرا مشن تھا ، مولانا فضل الرحمان

235

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت اور ایم کیوایم کو ایک میز پر لاکر مشن مکمل کر لیا ۔ اب مذاکرات کا سلسلہ آگے کیوں نہیں بڑھ رہا مجھے اس کا علم نہیں اور اس بارے میں جمیعت میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔

جمیعت علماء اسلام سیکریٹریٹ پشاور میں دو روزہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا پچھلے کئی مہینوں سے پنجاب میں مدارس پر چھاپے مار کر ان کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کبھی بھی ایسے مغربی ایجنڈے کو برداشت نہیں کرے گی ۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے روزانہ سرحدوں کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔ افغانستان میں بھارت نے اپنے پنچے گاڑ رکھے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ استعفوں کے معاملے پر حکومت اور ایم کیوایم کو ایک میز پر لانا میرا مشن تھا جو پورا ہو گیا ہے ۔ اس سارے معاملے پر مجھے جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ مکمل اعتماد حاصل تھا ۔