نئی دہلی میں تین روز سے جاری پاکستان رینجرز اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے مذاکرات ختم ہو گئے ۔ مذاکرات میں فائربندی پر اتفاق کر لیا گیا ۔
نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان تین روز سے جاری مذاکرات اختتام پذیر ہو گئے ۔ ترجمان پنجاب رینجرز کے مطابق مذاکرات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئے جس میں طے پا گیا کہ ورکنگ باؤنڈری پر فائربندی کا احترام کیا جائے گا ۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے فلیگ میٹنگ میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معابلہ بھی بھرپور انداز میں اٹھایا ۔
ترجمان پاکستان رینجرز کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی پر مشترکہ تحقیقات کروانے پر اتفاق کیا گیا ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ڈی جی بی ایس ایف نے کہا کہ ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہو گا ۔ اس موقع پر پاکستانی وفد کی قیادت کرنے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمرفاروق برکی کا کہنا تھا کہ ہم غیرقانونی سرحد عبور کرنے والوں کی حمایت نہیں کرتے ، بی ایس ایف بھی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی معلومات پاکستان رینجرز کو فراہم کرے ۔ ترجمان پاکستان رینجرز کے مطابق بھارت نے مستقبل میں فائر بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔