کراچی:رینجرزاورپولیس کی کارروائیاں،10مبینہ ٹارگٹ کلرزسمیت 20ملزمان گرفتار

180

آج کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 10 مبینہ ٹارگٹ کلرز سمیت 20ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ جبکہ فائرنگ کی مختلف وارداتوں میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ۔

رینجرز نے ایم کیوایم کی کال پر زبردستی دکانیں بند کرانے والے 8 شرپسند ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ رینجرز نے ایک اور کارروائی میں 10 مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں 4 کا تعلق کالعدم تنظیم ، 3 کا تعلق ایم کیوایم اور 3 کا حقیقی سے ہے ۔

منگھوپیر میں پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر کے جدید اسلحہ برآمد کر لیا ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کاٹ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رحمت چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لئے لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا ملزمان فائرنگ کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد انڈر پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا ۔ جس کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔