سی پی او ملتان کا کہنا ہے وہاڑی چوک دھماکہ سلنڈر پھٹنے سے نہیں ہوابلکہ دھماکہ خیزمواد پھٹنے سے ہوا ۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی ہے جبکہ 40 زخمی ہوئے ۔ دوسری طرف وزیراعظم نوازشریف نے ملتان دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہیں کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔
ملتان میں وہاڑی چوک دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی او ملتان اظہر اکرام کا کہنا ہے کہ رکشے میں دھماکہ سلنڈر پھٹنے سے نہیں بلکہ ایک موٹرسائیکل آکر رکشے سے ٹکرائی جس سے دھماکہ ہوا ۔ دھماکے خودکش لگتا ہے کیوں کہ جائے وقوعہ سے بال بیرنگ بھی ملے ہیں ۔ اظہراکرام کا کہنا ہے کہ اصل حقائق تو فرانزک رپورٹ کے آکے بعد ہی پتا چلیں گے ۔ سی پی او اظہر اکرام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 40 ہے ۔ سی پی او کا کہنا ہے تمام لاشوں اور زخمیوں کو نشتراسپتال اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بجھوا دیئے ہیں ۔ بی ڈی ایس کا کہنا ہے بظاہر دھماکہ خودکش لگتا ہے ۔
دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے ملتان میں بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہتری طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔