صوبہ سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر سو فیصد عملدر آمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں کراچی میں جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایپکس کمیٹی نے صوبے میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کی وفاق سے دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کراچی میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا اور عملدر آمد پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔
سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اجلاس کو ٹارگٹ کلنگ کی نئی لہر پر بریفنگ دی اور اب تک کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں اسلحےلائسنس پالیسی کو جاری رکھنے ، این جی اوز کی وفاق سے دوبارہ رجسٹریشن اور نادرا سے ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ایپکس کمیٹی اجلاس میں سیکیورٹی گارڈز کے فنگر پرنٹس لینے، نئی این جی اوز کو صوبے میں کام کرنے کی اجازت نہ دینے اور غیر ملکیوں کو سیکیورٹی ایجنسی میں نوکری نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں اور اس آپریشن کا مقصد ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنا ہے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد ، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، سیکریٹری داخلہ ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں چینی انجینئرز کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔