وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے رینجرز کو احتساب کی دعوت دینا قانون کے دائرے میں نہیں آتا ، حیران ہوں ایک سیاسی جماعت کے سربراہ یہ مطالبہ کیوں کیا ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا ملک میں جمہوریت ہے اور ہر ایک کو اظہار رائے کی کھلی آزادی ہے مگر اظہار رائے کی آزادی آئین و قانون کی حدود میں رہ کر ہونی چاہئے۔
چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی خاطر ایسے مطالبے کرنا اداروں کو متنازع بنانے کے مترادف ہے ، اس لئے ایسے مطالبات کرنا کراچی آپریشن کو بھی اصل مقصد سے ہٹانے کا باعث بن سکتا ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا فوج کی کارکردگی اور قربانیوں کا سب نے اعتراف کیا ہے، افواج و رینجرز کے کردار کو سیاسی بیانات کا حصہ بنانا غیرمناسب ہے۔ ان کا کہنا تھا پاک فوج کی ہرسطح پر دادِ تحسین اس لیے ہے کہ وہ اس فرض کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔