حکومت نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کی واپسی کو یقینی بنائے،حافظ نعیم الرحمن

277

امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم ا لرحمن نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں غیر معمولی اضافے وزیرِ اعظم نواز شریف کی جانب سے نوٹس لینے کا خیر مقدم کر تے ہوئے زور دیا ہے کہ صوبائی حکومتوں اور محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ فیسوں میں کیئے جانے والے من مانے اضافے کی واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ والدین ا ور طلبہ و طالبات میںپائی جانے والی بے چینی و اضطراب دور ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم عوام کا بنیادی حق ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کے لیے تعلیم کا حصول آسان اور سہل بنائے تاکہ قوم کا ہر بچہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کو جس طر ح ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اب یہ سلسلہ ختم ہو نا چاہیئے ۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار اور ان کی حالتِ زار کو بہتر کر نے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جانے چاہیئے اور ضروری ہے کہ پورے ملک میں یکساں نظامِ تعلیم رائج کیا جائے تاکہ ملک اور قوم کے مستقبل کے معماروں کو حقیقی معنوں میں اور بغیر کسی رکاوٹ کے حصول ِ تعلیم کے مواقع فراہم ہوں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تعلیم کو تجارت نہ بنایا جائے ۔نجی اسکولوں کی طرف سے فیسوںمیں من مانے اضافے نے والدین کے لیے مشکلات اور پریشانی پیدا کر دی ہے اور غریب و متوسط خاندانوں سے تعلق رکھنے والے یہ اضافی بوجھ بر داشت نہیں کر سکتے ۔والدین فیسوں میں اضافے کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں اور ان کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پا یا جاتا ہے ۔وزیرِ اعظم کے نوٹس لیئے جانے کے بعد اب یہ مسئلہ حل ہو جانا چاہیئے اور فیسوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جانا چاہیئے۔