مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے ن لیگ نے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے ہم وہ آہستہ آہستہ پورے کر رہے ہیں ، جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کو سبق سیکھنا چاہیے تھا، کچھ عرصے سے ایک جماعت جمہوریت کو نشانہ بنارہی ہے، ان کا کہنا ہے ہم طرح کے احتساب کے لئے تیار ہیں ۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد زبیر کا کہنا تھا ن لیگ نے جو وعدے کئے وہ پورے کریں گے ، کرپشن کی بہت باتیں ہوتی ہیں مگر ہم شفاف منصوبے لا رہے ہیں ، ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی جاری منصوبوں پر بلا وجہ تنقید کر رہی ہے۔ محمد زبیرکا کہنا تھا حکومت نے نجکاری کے معاملے پر شفافیت کو یقینی بنایا ہے ، اگر کسی شک ہے تو ہم تفصیلات دینے کو تیار ہیں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن دانیال عزیز کا کہنا تھا کچھ عرصے سے ایک جماعت جمہوریت کو نشانہ بنا رہی ہے، اسی جماعت نے ماضی میں پارلیمنٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، اب الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مختلف اداروں کواحتساب کی دعوت دیناجمہوریت کیخلاف سازش ہے، آئینی اداروں کا احترام کیا جانا چاہئے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا تحریک انصاف والے خود کو پارسا سمجھتے ہیں، نندی پور کی اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ میں 29میگا پراجیکٹ کی تفصیل پیش کر دی ہیں، اور نیب کی ویب سائٹ پر 29میگا کرپشن کے کیسز موجود ہیں، نیب میں سب سے زیادہ کیسز بیوروکریٹس کیخلاف ہیں ، نیب نےاپنی رپورٹ جاری کردی،سیاستدانوں پرمقدمات بہت کم ہیں ۔ رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا پنجاب میں اپیکس کمیٹی کی کارکردگی بہتر ہے، تین صوبوں کی مجموعی کارکردگی پنجاب کے برابر نہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا ہم تحریک انصاف کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں، عمران خان کو سمجھنا چاہئے کہ وہ ایک جمہوری جماعت کے سربراہ ہیں، عمران خان جلاؤ گھیراؤ کی سیاست چھوڑ دیں۔ طارق فضل کا کہنا تھا ہم ہرطرح کے احتساب کیلئے تیار ہیں، پنجاب میں کرپشن کےالزامات لگائےجاتےہیں،چیلنج کرتےہیں کہ ثابت کریں، عدالتیں آزاد ہیں ، وہ آئین کے مطابق اپنے فیصلے کرتی ہیں، چوہدری شجاعت نے اقرار کیا دھرنے کا مقصد حکومت کو کمزور کرنا تھا۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا رینجرز اس سے قبل بھی کراچی میں کارروائیاں کرتی رہی ہے، کراچی آپریشن کے فیصلے میں عمران خان شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا عمران خان پنجاب میں بلدیاتی انتخابات پر7 جماعتوں کو ساتھ ملا رہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے پیسہ لوٹا ان کا احتساب ہونا چاہئے، شوکت خانم کو فنڈز دینے والوں کو پارٹی ٹکٹ دیا جاتا ہے، جو پارٹی اسٹیٹس کو اور کرپشن کیخلاف بنائی گئی وہ آج خود اس سے بھری پڑی ہے۔