مرکزی و صوبائی حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملناچاہے،سراج الحق

271

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کے خلاف اگر کوئی سازش ہورہی ہے تو وزیراعظم نوازشریف کو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیناچاہیے اور سیاسی جماعتوں کو بھی اس کے متعلق آگاہ کرنا چاہیے ۔یہ انتہائی ظلم ہے کہ آج تک ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو پھلنے پھولنے کا موقع نہیں دیا گیا ۔ مرکزی و صوبائی حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملناچاہے تاکہ عوام ان حکومتوں کی پرفارمنس کو دیکھ سکیں۔ پرائیوٹ اسکولوں کی فیسوں میں بے تحاشا اضافے کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کریں گے۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے ان کی حکومت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے بیان کی وضاحت ہونی چاہیے اور ان سازشوں کے پس پردہ قوتوں کو بھی بے نقاب کیا جاناچاہیے ا س سلسلے میں وزیراعظم کا محض بیان کافی نہیں ۔ وہ ملک کے انتظامی سربراہ ہیں اور انہیں مبہم انداز میں بات کرنے کی بجائے دوٹوک اور واضح انداز میں پارلیمنٹ کو بتاناچاہیے کہ وہ کون سی خفیہ طاقتیں ہیں جو ان کی حکومت کو چلنے نہیں دے رہیں ۔ سراج الحق نے کہاکہ ہم چاہتے ہیںکہ نہ صرف مرکزی بلکہ چاروں صوبائی حکومتیں بھی اپنی مدت پوری کریں اور انہیں کام کرنے کا بھر پور موقع ملناچاہیے۔ تمام ریاستی اداروں اور سیاسی پارٹیوں کوحکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں تاکہ اس کے پاس یہ بہانہ نہ رہے کہ اسے عوام کی خدمت کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں عوام ایسے لوگوں کا خود محاسبہ کریں گے جو ووٹ لے کر عوام کو وعدوں پر ٹرخاتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی بنیاد ی ذمہ داری تھی کہ وہ عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلاتی اور خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کر کے عام آدمی کو ریلیف دیتی لیکن اس سلسلے میں حکومت کی اب تک کی کارکردگی صفر ہے اور حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی میکنزم نہیں بنایا ۔

سینیٹر سراج الحق نے صہیونی فوجیوں اور پولیس کی طرف سے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ سمیت عالمی طاقتیں اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں جس کی وجہ سے فلسطین میں ظلم و جبر کے تمام حربے آزمائے جارہے ہیں تاکہ فلسطینی آزادی کے مطالبے سے دستبردار ہو جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کو فلسطین اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں کا بہتا خون نظر نہیں آرہا اور اس نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی چارٹر کے مطابق تمام مذاہب کی عبادتگاہوں کے احترام کو لازم قرا ر دیا گیاہے مگر یہودی فوجیوں کی طرف سے آئے روز مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی جارہی ہے لیکن عالمی ادارے اسرائیل کے اس ظلم و جبر کے خلاف کوئی آواز بلند نہیں کرتے جس کی وجہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے اندر ایک غم و غصہ پایا جاتاہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پرائیوٹ سکولوں میں فیسوں میں اضافہ انصاف پر مبنی نہیں ۔ امیروں کے لیے الگ تعلیمی ادارے ہیں جن میں عیش و عشرت کا سامان مہیا کیا جاتاہے اور غریبوں کے لیے سرکاری اداروں میں ٹاٹ اور ٹائلٹ تک موجود نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ الگ استحصالی اور ظالمانہ نظام ہے جس نے معاشرے کو تقسیم کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں یکساں تعلیمی نظام چاہتے ہیں جس میں امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی سکول میں اور ایک ہی نصاب کے تحت تعلیم حاصل کرے ۔